کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کی ہدایت۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 11شاہ فیصل زون کے چیئر مین جمال زیدی ،وائس چیئر مین ندیم رائو ،کونسلرز اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے سیوریج مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے کہا کہ سیوریج سسٹم کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عوام شدید مسائل کا شکار ہیں نہ صرف گلیاں اور سڑکیں تباہ و برباد ہورہی ہیں بلکہ عوام کو آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی درستگی کے لئے فوری اقدامات کریں۔
عوام کو مسائل سے چھٹکار دلا ئیں نشاط ضیاء قادری نے یوسی کے بلدیاتی نمائندوں سے کہاکہ وہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو حل کریں ،بعد ازاں انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حق پرست عوامی نمائندے شب روز عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ 100روزہ عوامی خدمت پلان کے حوالے سے علاقائی سطح پر تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمے کے حوالے سے مہم میں بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں انشا اللہ باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی مسائل خاتمہ اور علاقائی ترقی کو ممکن بنا یا جاسکے گا۔