کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے شاہ فیصل کالونی اسٹیڈیم (سابقہ پنجاب گرائونڈ ) کی تعمیر و ترقی کے کاموں کے آغاز پر شاہ فیصل کالونی کے اسپورٹس حلقوں ،نوجوانوں اور علاقہ عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ شاہ فیصل کالونی اسٹیڈیم کی تعمیر کے بعد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کا ذریعہ فراہم ہوجائیگا۔
اسٹیڈیم کی تعمیر سندھ حکومت کا مثالی اقدام ہے فٹ بال اسٹیڈیم ،جمنازیم اور شوٹنگ بال کورٹ کی تعمیر کو سندھ حکومت کا نوجوانوں کے لئے انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے اسٹیڈیم کی تعمیر میں خصوصی کاوشوں پر نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان کو اسپورٹس حلقوں اور شاہ فیصل کالونی کے نوجوانوں نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شاہ فیصل کالونی کے اسپورٹس حلقوں اور نوجوانوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر کھیل سے اپیل کی ہے کہ وسیع و عریض اسٹیڈیم کی تعمیر ایک احسن قدم ہے اس کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کا حصول ممکن ہوگا۔
بلکہ ہمارے نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر کھیل کے میدان کو آباد کرینگے اسپورٹس حلقوں نے اسٹیڈیم کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے سابق سیکریٹری اسپورٹس لئیق احمد خان ،موجود سیکریٹری سلیم رضا کھیڑو، چیف انجینئر اسلم مہر وزیر کھیل کے پرائیویٹ سیکریٹری عادل جمانی کی خدمات کو بھی سراہا ہے۔