کراچی (خصوصی رپورٹ)شاہ فیصل کالونی میں اتحاد و یکجہتی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کا فقید المثال مظاہرہ ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام محرم الحرام کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور قیام امن اتحاد و یکجہتی اورفرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ،امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں اور تازیہ کے منتظمین کا اجلاس حق پرست اراکین اسمبلی نشاط ضیاء قادری اور ارتضیٰ فاروقی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان ،میونسپل کمشنر مسرور میمن ،بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کے علاوہ رینجرز، پولیس ،ٹریفک پولیس ،ضلعی انتظامیہ ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،فائر بریگیڈ،کے الیکٹرک ،محکمہ ہیلتھ سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست اراکین اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ارتضی فاروقی نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کے ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ادارے باہمی روابط اور تعاون کے ذریعے اقدامات کریں انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے بلدیاتی اداروں کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ عشرہ محرم کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنا یا جائے۔
امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر دیواروں سے وال چاکنگ اور تجاوزات کا مکمل کاتمہ کیا جائے۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے علماء اکرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگ اپنا کردار ادا کریں اور امن و امام کے قیام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے حق پرست اراکین اسمبلی نشاط ضیاء قادری اور ارتضیٰ فاروقی نے بلدیاتی اداروں سے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور مجالس گاہوں سمیت جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات یکم محرم الحرام سے قبل منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ مکمل کرلئے جائیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا کہ بلدیہ کورنگی محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا آغاز کرچکی ہے۔
انشا اللہ منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ یکم محرم الحرام سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے انہوں نے بتا یا کہ یکم محرم تا عاشورہ محرم الحرام تک شاہ فیصل زون سمیت ضلع کورنگی کے تمام زونز میں میونسپل ایمرجنسی نافذ رہے گی اس حوالے سے افسران وعملے کی چھٹیاں بھی منسوخ رہیں گی عزادروں کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام زونز میں مرکزی کنٹرول روم میں قائم کئے جائیں گے کنٹرول روم میں بلدیہ کورنگی ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سمیت عوامی سہولت کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے نمائندے 24گھنٹے موجود رہینگے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے علماء اکرام اور منتظمین کو یقینی دلا یا کہ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے محرم الحرام کے دوران عزادروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔