کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان ،اراکین اسمبلی سید خالد احمد اور نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی ٹائونز میں پیدائش و اموات سرٹیفکٹ کے حصول کے حوالے سے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر یونین کونسل کراچی سے کہا ہے کہ وہ یونین کونسل کے معاملات کو درست کریں اور پیدائش و اموات سرٹیفکیٹ کے حصول میں عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کے رینو انجن شہر کراچی کے ساتھ ارباب اختیار سوتیلی ماں کا سلوک اختیار کئے ہوئے ہیں حق پرست اراکین اسمبلی نے کہاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ نہ کیا گیا تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ شہر کراچی کے بلدیاتی اداروں کو گزشتہ کئی سالوں سے فنڈز کی کٹوتی کا سلسلہ تا حال جاری ہے جس کی وجہ سے شہر میں کچرے کے انبار ،شہری مسائل سے دو چار ہیں اور بلدیاتی ادارے اپنی افادیت کھو چکے ہیں حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان ،سید خالد احمد اور نشاط ضیاء قادری نے یونین کونسل سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ پیدائش و اموات کے سرٹیفکٹ کے حوالے سے عوام کو پریشان کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور سرٹیفیکٹ کا با آسانی حصول یقینی بنا یا جائے۔
اراکین اسمبلی نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی ٹائونز میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں اور مون سون برسات سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کا نظام درست کیا جائے اراکین اسمبلی نے کہاکہ اگر برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کو درست نہ کیا گیا تو دوران برسات عوامی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے اور جس کی تمام تر ذمہ داری بلدیاتی حکام پر عائد ہوگی۔