کراچی (اسٹاف رپورٹر) عشرہ محرم الحرام کے دوران قیام امن اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لئے شاہ فیصل کالونی پولیس اسٹیشن میں اراکین اسمبلی اور پولیس افسران کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد، اتحاد و یکجہتی کا فقید المثال مظاہرہ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام، عمائدین، امام بارگاہوں اور عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے منتظمین کی کثیر تعداد میں شرکت۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ شرپسند عناصر کے سازشی حربے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا محرم الحرام کے دوران اتحاد و یکجہتی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ اور قیام امن کے لئے سیکورٹی اداروں سے مکمل تعاون کو یقینی بنا یا جائیگا۔اجلاس میںحق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد ،اقبال محمد علی خان ،رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری ، اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ولی محمد بلوچ ،SPشاہ فیصل جاوید اسلم،DSPراجہ محمود الحق،SHOشاہ فیصل اعجاز احمد خان ،اور محمد علی اور دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست اراکین اسمبلی ساجد احمد ،اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام اور عمائدین سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اخوت و بھائی چارگی کو فروغ دیں اور قیام کے لئے اداروں سے مکمل تعاون کریں اجلاس میں منتظمین کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے اراکین اسمبلی نے کے الیکٹرک کے حکام سے مطالبہ کیا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا ئی جائے تاکہ عزاداران حسین بلا تعطل اپنی عبادت انجام دے سکیں اراکین اسمبلی نے بلدیات سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران علاقائی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں اس موقع پر پولیس افسران نے منتظمین اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیام امن اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں علاقہ پولیس سے تعاون کریں اشتعال انگیز تقاریر ،وال چاکنگ اور پمفلیٹ کی تقسیم سے گریز کیا جائے پولیس افسران نے کہاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران منتظمین اور علماء اکرام کے باہمی تعاون کے ذریعے موثر حفاظتی انتظامات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں انشا اللہ باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے محرم الحرام پر قیام امن اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائیگا۔