کراچی : کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر کورنگی آصف جان صدیقی کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ صاف ستھرا سرسبز پر امن سندھ کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کے معائنہ کے لئے اچانک شاہ فیصل کالونی کا دورہ ،دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی یونین کونسل نمبر4شاہ فیصل کالونی نمبر3میں قائم انڈسٹریل ایریا کی گلیوں میں پہنچ گئے اور صفائی وستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر عوام نے انہیں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے اپنی شکایات سے آگاہ کیا عوامی شکایات سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر کورنگی آصف جان صدیقی نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کے فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں انشا اللہ بہت جلد عوام کو بلدیاتی اداروں کی کاوشوں کی بدولت علاقائی سطح پر مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائیگا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی آصف جان صدیقی نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون یونین کونسل نمبر4میں انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ بلدیاتی محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے بعد گلیوں اور محلوں کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر مکھی مچھروں سمیت دیگر حشرات الارض کے خاتمے کو یقینی بنا نے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو بلدیہ کورنگی کے تحت وزیر بلدیات کی ہدایت پر جاری خصوصی مہم کے حوالے سے بتا تے ہوئے کہا کہ ضلع کورنگی کی حدود میں صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے لئے بیوٹی فکشن مہم کا بھی آغاز کردیا گیا جس کے تحت شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے ساتھ دیواروں سے وال چاکنگ اور شاہراہوں پر آویزاں بوسیدہ بینرز ہٹانے کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میں صاف ستھرا سرسبز ماحول کے ساتھ بلدیاتی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائیگا۔