کراچی : بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا گیا میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی تمام یونین کمیٹیز میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے انہوں نے کہاکہ ضلع میں صاف ستھرا صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے کہاکہ صفائی وستھرائی کے عمل کو علاقائی سطح پر بہتر بنا نے کے ساتھ گلیوں اور محلوں کی سطح پر مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے بعد ازاںجراثیم کش ادویات اسپرے وہیکل کی مدد سے ندیوں اور نالوں سمیت علاقائی سطح پر اسپرے انجام دیا گیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو کی خصوصی ہدایت پر مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا گیا۔