کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے کہا ہے کہ فرائض سے غلت اور عوامی خدمات کے کاموں میں لاپرواہی کرنے والوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا، گھوسٹ ملازمین اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے افسران وملازمین کو تاکید کی کہ نیک نیتی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمدسومرو نے ڈائریکٹر پارکس جاوید احمد کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں پارکس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی فزیکل ویری فکشن کے موقع پر کیا اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی حاضری چیک کی اور غیر حاضری ملازمین کی تنخواہیں ہدف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں میں غیر حاضر ملازمین (گھوسٹ ) برداشت نہیں کروں گا تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو دفتری اوقات کا پابند بنائیں کسی بھی محکمے میں غیر حاضر اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ جاتی سربراہان پر عائد ہوگی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے ملازمین کی فزیکل ویری فکشن کے موقع پرمحکمہ پارکس کے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ادارے کاملازم اُس ادارے کے لئے بازو کی حیثیت رکھتا ہے لہذا آپ لوگوں سے درخواست ہے کہ اپنی کارکردگی کو مثالی بنا تے ہوئے ادارے کا بازو بنیں ادارے پر بوجھ نہ بنیں۔
انہوں نے محکمہ پارکس کے ملازمین کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹوں کو سرسبز بنا یا جائے اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر پارکس کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے حوالے سے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔
بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر نثار سومرو کو محکمہ پارکس شاہ فیصل زون کی جانب سے پارکوں پر جاری ترقیاتی کاموں اور تزئین و آرائش کے ھوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرسبز ماحول کے حوالے سے عوامی تعاون کے ذریعے محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی کو آگاہی مہم چلا نے اور سرسبز ماحول کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔