کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر عاشقان رسول کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے جلوسوں کے روٹس اور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے عید میلاد النبی کے حوالے سے عبادت گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر جاری سڑکوں کی استرکاری کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔
رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے سڑکوں کی استر کاری کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے بلدیاتی افسران سے کہاکہ جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا یا جائے اور تمام تر انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے بعد ازاں شاہ فیصل کالونی میں عید میلاد النبی کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے۔
حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ کرکے روٹس سے تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنا یا جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ عید میلاد النبی کے موقع پر عاشقان رسول کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیہ کورنگی نے ضلع بھر میں انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔
انشا اللہ تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ،مساجد و اما م بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ ضلع کورنگی میں عید میلاد النبی کے موقع پر پاکیزہ اور مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائیگا۔