کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عید الاضحی پر صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے اور عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ منتظمین کی باہمی مشاورت سے مساجد و مدارس اور اجتماعی قربان گاہوں سے آلائشوں کو بروقت اٹھاکر ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تحت عید الاضحی کے تینوں دن قربانی کے جانوروں کو آلائشوں کو اٹھا کر بروقت دفن کرنے کے لئے رہائشی علاقوں سے دور تعمیر کئے گئے ٹرینچز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس جاوید علی خان اور شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز بھی موجود تھے اس موقع پر شاہ فیصل زون کے تحت عید الاضحی کے موقع پر ترتیب دیئے گئے ہنگامی پلان سے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ عید الاضحی کے تینوں دن میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کرکے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اس حوالے سے مرکزی کنٹرول روم کے قیام کے ساتھ تمام یونین کونسل کو شکایتی مراکز میں تبدیل کردیا گیا،علاقائی سطح پر آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں سے آلائشوں کو اُٹھا کر بروقت ٹرینچز میں دفن کیا جائے گا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ عید الاضحی پر ضلع کورنگی میں نیٹ اینڈ کلین ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں خصوصی انتظامات کے حوالے سے ہنگامی پلان ترتیب دے دیا گیا۔
انشا اللہ عید الاضحی کے تینوں دن شام 5بجے کے بعد قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات کو زمین پر موجود نہیں رہنے دیا جائیگا حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے عوام کو عید الاضحی پر صحت مند ماحول فراہم کرینگے میونسپل کمشنر مسرور میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی کے حدود میں قربان گاہوں اور شاہراہوں پر قربانی کی جگہوں کو شام کے وقت فنائل اور چونے سے دھونے کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی انجام دیا جائے گا انہوں نے افسران و عملے کو تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے ترتیب دیئے گئے پلان پر عمل درآمد کرکے ضلع کورنگی میں عید الاضحی کے موقع پر مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں۔