شاہ فیصل زون میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے سینکڑوں کیبن، ٹھیلے اور پتھاروں کوہٹا دیا گیا
Posted on September 21, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا کہ علاقائی علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے ساتھ علاقائی خوبصورتی کو قائم و دائم رکھنے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جائیں، چونگیوں، چوراہوں ،فلائی اوورز، پلوں اور شاہراہوں سے تجاوزات کے ساتھ وال چاکنگ کا بھی خاتمہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنے کے لئے شاہ فیصل کالونی مختلف شاہراہوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔
شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی محکمہ انسداد تجاوزات نے ٹریفک کی روانی کی بہتری اور عوام کو آمد ورفت میں حائل دشواریوں سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے حق پرست اراکین اسمبلی کی نشاندہی پر شاہ فیصل کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کردیا جن میں کیبن ،ٹھیلے ،پتھارے اور متعدد غیر قانونی تعمیرات شامل تھے ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کی کار کردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک کی روانی کی بہتری اور عوامی آمد و رفت میں حائل دشواریوں سے چھٹکارہ دلانے کے لئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو مستقل بنیادوں پر تجاوزات اور رکاوٹوں سے پاک بنایا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ چورنگیوں ،چوراہوں ،فلائی اوورز،پلوں اور اوررہیڈ برجز سمیت شاہراہوں سے وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ تجاوزات اور وال چاکنگ پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں عوام کو علاقائی مسائل کے حوالے سے در پیش شکایات کا ازالہ اور علاقائی خوبصورتی کو قائم کو دائم رکھا جا سکے۔