کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا ہے کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے شہر کراچی کا مثالی ضلع بنا ئیں گے ضلع میں صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ کچرا کنڈیوں کو ماڈل بنا نے کا عمل جاری ہے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے تحت شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں کچرا کنڈیوں کی تعمیرات کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی ہے کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ شاہراہوں سے مٹی اور ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جائے۔
تجارتی مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر سوئپنگ کے انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ کچرا کنڈیوں سے کچرے کی منتقلی کو روزانہ کی بنیادوں پر یقینی بنا یا جائے اور کچرا کنڈیوں سے کچرا اٹھانے کے بعد کنڈیوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ضلع کورنگی کی حدود میں درسگاہوں اور عبادت گاہوں کے اطراف بلدیاتی انتظامات کی درستگی کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے کچرا کنڈیوں کی تعمیر کے حوالے سے تعمیراتی عمل کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایا کا بروقت ازالہ ممکن بنا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔