شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی میں صفائی و ستھرائی کے حوالے سے یونین کونسل کی سطح پر مہم کا آغاز

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ حق پرست قیادت شہر کی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات مصروف ہے ،عوام کی بلا تفریق رنگ و نسل خدمت ہی ہمارا طرہ امتیاز ہے پہلے بھی شہر کی ترقی اور عوامی خدمت کو یقینی بنا یا تھا اور اب بھی قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے شہر کی بے مثال ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہے گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے یونین کونسل نمبر6میں جاری خصوصی صفائی مہم کے معائنے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر شاہ فیصل زون کے محکمہ سنیٹریشن ،پارکس سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔شاہ فیصل زون کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کی ہدایت پر یونین کونسل کی سطح پر چلا ئی جانے والی خصوصی صفائی کے حوالے سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم کو بریفنگ دی گئی ۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے صفائی مہم کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے انقلابی اصلاحات لا کر ہی صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے بلدیاتی ادارے صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات کو تیز اور سرسبز معاشرے کے قیام کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کریں انہوں نے کہاکہ علاقائی سطح پر معمول کے مطابق صفائی وستھرائی کو یقینی بنا نے کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی انجام دیا جائے کچرا کنڈیوں سے کچرے کی منتقلی روانہ کی بنیاد پر یقینی بنا ئی جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے ضلع کورنگی کے چپے چپے میں صاف ستھرا اور سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر شاہ فیصل زون کے سنیٹریشن ،باغات اور الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صاف ستھرا سرسبز ماحول کے حوالے سے مستقبل بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور ہر علاقے کو روشن رکھا جائے بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم اور شاہ فیصل زون کے افسران کے ہمراہ یونین کونسل نمبر6میں قائم نذیر حسین فیملی پارک کا معائنہ کیا اس موقع پر پارک کی تزئین و آرائش اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہاکہ پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کو سرسبز بنا کر اسے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا مرکز بنایا جائے۔