شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مثالی انتظامات

Eid Milad Nabi

Eid Milad Nabi

کراچی: شاہ فیصل کالونی میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے منایا گیا 12 ربیع الاول کی صبح شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جلوس برآمد ہوا جو شاہ فیصل کالونی نمبر5قادریہ مسجدسے نکلنے والے مرکزی میلاد ریلی میں شامل ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہو ا مرکزی عید گاہ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 پر اختتام پذیر ہوا مرکزی میلاد ریلی مفتی نور الہادی نعیمی ،مولانا راشد قادری اور دیگر علماء کرام کی قیادت میں نکالاگیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے جلوس کے روٹس اور عبادت گاہوں کے اطراف بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات اور تجاوزات و رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے اور جلوس برآمد ہونے سے قبل جلوس کے راستوں پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی انجام دیا گیا جلوس کے راستوں پر شرکاء جلوس کے استقبال اور بنیادی علاقائی سہولیات کی فراہمی کے لئے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی ،متحدہ قومی موومنٹ شاہ فیصل سیکٹر کی جانب سے کنٹرول روم ،استقبالیہ اور سبیل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

بلدیہ کورنگی اور متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شمع شاپنگ سینٹر پر قائم کیمپ پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان ،اراکین صوبائی اسمبلی ارتضیٰ فاروقی، نشاط محمد ضیاء قادری ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول ،میونسپل کمشنر طلعت محمود اور دیگر افسران کے ہمراہ مرکزی جلوس کے شرکاء کا استقبال کیا جلوس میں شامل مرکزی قائدین کو پھول کے ہار پہنائے اور شرکاء جلوس پر گل پاشی کی گئی اورشیرنی تقسیم کی گئی اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اورا راکین صوبائی اسمبلی ارتضیٰ فاروقی ،نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت و سیرت عظمیٰ ازل سے ابد تک زمان و مکاں پر احاطہ کئے ہوئے ہے ،کائنات کی ہر شئے رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت و رسالت کے بیکراں جلال و جمال کی گرفت میں ہے کائنات کا زرہ زرہ سرکار دوجہاں رحمة اللعالمین سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدحت و رفعت کا شاہد ہے سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام نامی اسم گرامی محمد رسول اللہ اور آپ کا ذکر اتنا بلند ہوا کہ کون مکاں کی ساری رفعتیں اور تمام بلندیاں اس اسم مقدس اور اس عظیم ہستی کے سامنے پست ہوکر رہ گئیں۔

فرش زمیں سے عرش بریں تک سب اُس کے مبارک سے معمور ہیں یہ رتبہ بلند کل کائنات میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کسی اور کو نصیب ہوا نہ ہوگا یہ بات ابدی حقیقت کا ترجمان ہے حق پرست اراکین اسمبلی نے کہاکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تہواروں کا سردار ہے آج کے دن ہمارے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا میں تشریف لائے اور اپنے نور سے دنیا کو پر نور کردیا انہوں نے علماء اکرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی وہ سیرت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارگی کو فروغ دیں اس موقع پر اراکین اسمبلی نے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شایان شان طریقے سے منا نے پر تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کیا قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور طلعت محمود نے شاہ فیصل زون کے افسران کے ہمراہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کیا اس موقع پر منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر منتظمین نے مثالی انتظامات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کو خراج تحسین پیش کیا۔