کراچی : شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے عملے نے گزشتہ شام ہونے والی موسلادھار برسات کے بعد شاہراہ فیصل اور شاہ فیصل کالونی کے اندرونی شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنا دیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرہ العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ رین ایمرجنسی انتظامات کو مزید فعال بنا کر سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے ساتھ صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا یا جائے۔
مزید متوقع بارش کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور مشنری و عملے کو آن روڈ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کو کو ہدایت کی ہے کہ دوران برسات علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کنٹرول روم قائم کرکے عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنا ئیں گزشتہ شام ہونے والی موسلادھار برسات کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی تمام یونین کونسل کی شاہراہوں اور گلیوں کے ساتھ شاہراہ فیصل جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ تا ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن تک شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے کام کو اپنی نگرانی میں انجام دیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے متوقع تیز بارش کی پیشنگوئی پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو رین ایمرجنسی انتظامات ترتیب دیکر اس پر مکمل عمل درآمد کے ذریعے دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی ہے ۔دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہ فیصل زون کے تمام علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی اور نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے انتظامات کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔