اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرکے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر اور جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ کانگ کیونگ وہا کو فون کیا اور مسئلہ کشمیر پر گفتگو کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور جبراً مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 25 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، خوراک و ادویات کی شدید قلت پیدا ہوچکی، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، جبکہ عید،نمازجمعہ کی ادائیگی تک نہیں کرنےدی گئی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کررہی ہیں، بھارتی یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، بھارتی جارحیت روکنےکیلئےعالمی برادری مؤثر کردار ادا کرے۔
سعودی وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطےمیں قیام امن کیلئےروابط کاسلسلہ جاری رکھنےپراتفاق کیا۔
جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اہم مسئلہ ہے جس کا سدباب ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں کورین حکومت سے مؤثر کردار کی توقع ہے۔