اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو فون کیا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے الطاف حسین کو فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے یوم سوگ منانے پر عمران خان کی جانب سے الطاف حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال میں ڈیڈلاک موجودہ ہے، قوم کی نگاہیں الطاف حسین پر لگی ہوئی ہیں اور اس وقت ملک کو ان کی بصیرت اور دانشمندانہ رائے اور مشوروں کی ضرورت ہے۔
الطاف حسین نے شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھمبیر صورتحال اہم شخصیات کی انا کی قربانی چاہتی ہے،جمہوریت اور اداروں کا تقدس بچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہئے، ہم سب معاملات کو حل کرنے کے لیے افہام وتفہیم سے کام لیں کیونکہ ملک معاشی تباہی کے دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے جبکہ اس وقت ملک کے استحکام کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔