اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کینیڈا میں مقیم بے قصور پاکستانی نژاد خاندان کے 4 افرادکے قتل کے الم ناک واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ متاثرہ خاندان کو محض مسلمان ہونے کی بناپر نشانہ بنانا اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہے، کینیڈا سمیت مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے تدارک کیلیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ نے واقعے کی جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔