ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سول نافرمانی کی تحریک کے اعلان کے باوجود میپکو کے تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار کے 6 بل ادا کر دیے ہیں۔
میپکو کی منظورآباد سب ڈویژن ملتان کی ٹیم ان کے گھر کا ایک کنکشن جو غلام قادر کے نام سے لگا ہوا تھا اور اس کا بل 44 ہزار 742 تھا، عدم ادائیگی کی وجہ سے کاٹنے کے لئے پہنچی تو شاہ محمود کے گھر کے ملازمین نے میپکو عملے کو تمام بل دیکھا دیے جن کی ادائیگی ہوچکی ہے۔
جس پر میپکو کا عملہ بلوں کی کاپیاں لے کر واپس آگیا اور کنکشن نہیں کاٹے۔ میپکو ذرائع کے مطابق شاہ محمودکے اپنے نام 2 بل ہیں جبکہ باقی 4 بل وسائی خاتون،غلام قادر،اے ڈی سلیم اورعبدالقیوم کے نام ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز جب کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں بجلی کے بل جمع کرانے سے متعلق شاہ محمود قریشی سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس قسم کے غیر ضروری سوال پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔