ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ ہدایت کار روہت شیٹھی نے سپراسٹار شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کی ایک یادگار تصویر کو ایک کروڑ روپے میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل شاہ رخ خان اچانک ہدایت کار روہت شیٹھی کی فلم ’سنگھم ریٹرنز‘ کی شوٹنگ کے موقع پر پہنچے جہاں انہوں نے فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن کو گرم جوشی سے گلے لگا لیا اور دونوں سپر اسٹارز نے ایک دوسرے کے گلے شکوے دور کر دیئے۔
روہت شیٹھی سے جب اس ملاقات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اجے اور شاہ رخ کے گلے ملنے کی تصویر ہے، کسی کو چاہیئے کیا؟ ایک کروڑ میں دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں سپر اسٹار کی یاد گار تصویر پبلسٹی کے کام آئے گی۔
واضح رہے کہ 2012 میں دیوالی کے موقع شاہ رخ خان کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ اور اجے دیوگن کی ’ سن آف سردار‘ کی ریلیز کے موقع پر دونوں اداکاروں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔