شاہ رخ جتوئی کو کس مرض کے بہانے اسپتال میں رکھا گیا؟ وجہ سامنے آ گئی

Shah Rukh Jatoi

Shah Rukh Jatoi

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شاہ زیب قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کو جس مرض کے بہانے سینٹرل جیل کراچی سے پرائیویٹ اسپتال بھیجا گیا وہ سامنے آگیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے شاہ رخ جتوئی کو پروکٹو اسکوپی کے لیے 5 مئی 2021 کو اسپتال جانے کی اجازت دی تھی۔

محکمہ داخلہ نےشاہ رخ جتوئی کو بڑے اسپتال بھیجنےکے لیے لیٹر جاری کیا لیکن ماہرین کا کہنا ہےکہ مجرم جس اسپتال میں موجود ہے وہ کوئی بڑا اسپتال نہیں بلکہ طبی سہولت کا پرائمری لیول کا سیٹ اپ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پروکٹو اسکوپی 5 منٹ کا پروسیجر ہے اس میں مریض کے اسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیں پڑتی، اکثر سرجن او پی ڈی میں ایک دن میں 20 سے 25 پروکٹواسکوپی پروسیجر کرتے ہیں جب کہ پروکٹو اسکوپی کی سہولت جناح اسپتال سمیت اکثر سرکاری اسپتالوں میں میسر ہے، پروکٹو اسکوپی عموماً بواسیر کی تشخیص کے لیے کی جاتی ہے۔

شاہ رخ جتوئی 5 منٹ کے پروسیجر کے لیے ساڑھے 7 مہینے پرائیویٹ اسپتال میں داخل رہا جس پر ماہرین نے اسے انتہائی احمقانہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ جیونیوز شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل میں موجودگی کے بجائے اسپتال میں سہولت کے ساتھ رہنے کی خبر سامنے لایا تھا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ جتوئی اور دیگر مجرم اسپتال میں ہیں لیکن سانحہ مری کی طرح کوئی مراتو نہیں۔