ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور اجے دیوگن نے آپس کی نفرتیں ختم کر کے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔
بالی ووڈ کے کنگ خان ممبئی میں شاپنگ میں مصروف تھے اسی دوران انھیں پتہ چلا کہ اجے دیوگن روہت شیٹھی اور کرینہ کپور کے ساتھ قریب ہی واقع ایک اسکول میں فلم “سنگھم ریٹرنز” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تو شاہ رخ خان شاپنگ کے بعد اپنے گھر جانے کے بجائے سیدھا شوٹنگ پر پہنچ گئے اور سب کو حیران کر دیا۔
اس سے بھی زیادہ حیرانی اس وقت ہوئی جب شاہ رخ خان سیدھے اجے دیوگن کے پاس گئے اور انھیں گلے لگا لیا جس پر اجے نے بھی ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کی اہلیہ کاجول آپس میں بہت اچھے دوست ہیں اور دونوں ماضی میں بہت سی سپر ہٹ فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں لیکن 2012 میں دیوالی کے موقع پر کنگ خان کی فلم “جت تک ہے جان” اور اجے دیوگن کی فلم “سن آف سردار” کی ریلیز کے موقع دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔