شاہ رخ خان کا دو سالہ بیٹا بھی ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ میں نظر آئیگا

Shah Rukh Khan

Shah Rukh Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا دو سالہ بیٹا بھی ان کی نئی فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ میں نظر آئے گا۔ گزشتہ کئی برسوں سے گوری خان اور شاہ رخ خان ایک ساتھ اشتہارات میں کام کرتے نظر آ رہے ہیں‘ شاہ رخ خان جب 26 سال کے تھے تب انھوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا لیکن ان کے بیٹے ابرام ابھی 2 سال کے بھی نہیں ہوئے ہیں اور وہ اپنا فلمی سفر شروع کر رہے ہیں۔

گوری خان نے بتایا وہ فلم میں شوٹنگ کے لیے تیار ہو رہی تھیں تو شاہ رخ اور فلم ہیپی نیو ایئر کی ہدایتکار فرح خان نے ابرام کو بھی ساتھ لے چلنے کی تجویز دی‘ اور اس طرح بغیر کسی منصوبے کے ابرام نے فلموں میں ابتدائی قدم رکھ دیا ہےاور وہ دیوالی پر ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ میں نظر آئیں گے، ان کے علاوہ شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان بھی فلم میں خصوصی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

دوسری طرف بھارت کے مشہور ٹی وی شو ’’کامیڈی نائٹس ود کپل شرما ‘‘ میں گزشتہ روز نئی فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ کی تشہیر کے لیے فلمی ٹیم شریک ہوئی جس میں اداکار شاہ رخ خان‘ دپیکا پڈوکون‘ ویون شاہ‘ بومن ایرانی‘ ابھیشیک بچن‘ سونو سعود اور فلم کی پروڈیوسر فرح خان شریک ہوئی۔ اس موقع پر شو کے میزبان کپل شرما نے تمام اداکاروں کے ساتھ بھرپور پرفارمنس دی جب کہ شاہ رخ خان اور دپیکا نے خصوصی طور پر ڈانس پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔