الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شہزادی ھیفاء بنت عبدالعزیز بن محمد بن عیاف آل مقرن کو اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ‘یونیسکو’ میں سعودی عرب کی مستقل مندوب کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شہزادی ھیفاء بنت عبد العزیز بن محمد اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سوشو اکنامک شعبے میں مختلف اداروں میں نمایاں عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے لندن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف اورینٹل اینڈ افریقی اسٹڈیز (ایس او اے ایس) سے ‘سوشو اکنامک اسٹڈیز’ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس مختلف معاشرتی اور معاشی شعبوں مقامی اور عالمی سطح پر کام کا وسیع تجربہ ہے۔ ھیفاء نے کنگ سعود یونی و رسٹی میں شعبہ معاشیات میں اپنے تعلیمی کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں انہیں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) سنہ 2009ء سے 2016ء تک پروجیکٹ انچارج کے طور پر تعینات کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی وزیر ثقافت اور قومی کمیٹی برائے تعلیم ثقافت اور سائنس کے صدر شہزادہ بدر بن عبد اللہ بن فرحان نے ھتان بن منیر بن سمان کو ثقافتی اور تعلیمی کمیٹی کا جنرل سیکرٹری مقررکیا ہے۔ ابن سمان عربی کےعلاوہ اسپانوی اور انگریزی زبانوں میں بھی مکمل عبور رکھتے ہیں۔ فی الحال وہ وزیر ثقافت کے بین الاقوامی تعلقات کے مشیراعلیٰ ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے کنگ عبد اللہ اکنامک سٹی (کے اے ای سی) میں ‘اکنامک سٹی؛ تھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور قانونی انتظامیہ میں لائسنس شعبے کے سربراہ کی حیثیت سے کام کیا۔