سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اردن کو میڈیکل آکسیجن اور طبی ضروریات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ کرونا وبا کی وجہ سے اردن میں میڈیکل آکسیجن اور طبی سامان کی قلت ہے۔
مملکت کے سرکاری خبر رساں ادارے ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات، اردنی وزارت صحت کو مائع آکسیجن، سلنڈر، آکسیجن کنٹرولر فراہم کرے گا جبکہ ڈیجیٹل پمپ، طبی آلات اور لوازمات بھی مہیا کرے گا۔
شاہ سلمان نے یہ حکم برادرانہ اور انسانیت نواز کردار اور اردن کے ساتھ سعودی عرب کے گہرے تعلقات کے تناظر میں دیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز کرونا بحران کے آغاز سے اردنی وزارت صحت کو ضروری ادویہ اور طبی لوازمات فراہم کرتا رہا ہے۔