الریاض (جیوڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے دارالحکومت الریاض میں کھربوں ریال کی مالیت کے تعمیرو ترقی کےدرجنوں منصوبوں کا افتتاح کردیا ہے۔ مجموعی طورپر ان منصوبوں کی لاگت 3 کھرب 38 ارب ریال ہے۔
“العربیہ” کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی زیرصدارت کابینہ کا اہم اجلاس الریاض کے الحکم شاہی محل میں ہوا جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، تعلیم، صحت، سرمایہ کاری، ترقی اور سپورٹس کے کئی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں پر تین کھرب 38 ارب ریال کی لاگت آئے گی۔
مجموعی طور پر الریاض میں 2839 منصوبوں کا افتتاح کیا گیا جب کہ 931 منصوبے پہلے ہی پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔
دیگر منصوبوں میں تعلیم کی 19 اسکیموں کے لیے 80 کروڑ 99 لاکھ ریال، میڈیکل سیٹیز اور بڑے اسپتالوں کے قیام کے لیے 11 ارب 33 کروڑ ریال،بجلی کے 14 منصوبوں کے لیے 26 ارب اریال، سیوریج اور سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے 2 ارب 89 کروڑ، ہائوسنگ 10 پروجیکٹ کے لیے 7 ارب ریال، صنعتی اور تجارتی 66 منصوبوں کے لیے 10 ارب 40 کروڑ ریال، جنوبی الریاض میں مصنوعی جزیرے کے قیام کے لیے 3 لاکھ 15 ہزار مربع میٹر جگہ مختص کی گئی۔ اس کے علاوہ سپورٹس سٹیز کے قیام، پارکوں اور دیگر منصوبوں پر کے لیے بھی رقوم مختص کی گئیں۔
شاہ سلمان کے ہمراہ سعودی عرب کی انتظامی اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ رکان بن سلمان بن عبدالعزیز بھی موجود تھے جب کہ الریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز، شہزادہ عبدالعزیز بن سعوعد بن نایف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔