شاہ زین بگٹی کی قیادت میں ڈیرہ بگٹی جانے والے قافلے کو واپس لوٹا دیا گیا

Shah Zain Bugti

Shah Zain Bugti

ڈیرہ بگٹی (جیوڈیسک) جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نواب شاہ زین بگٹی کی قیادت میں بگٹی مہاجرین کے قافلے کو ڈیرہ بگٹی کے قریب چیک پوسٹ سے واپس کشمور بھیج دیا گیا۔ شاہ زین بگٹی کا کہنا ہے کہ مہاجرین کاقافلہ صبح پھر ڈیرہ بگٹی کے لیے روانہ ہوگا۔ 2006ء سے سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پناہ گزین بگٹی قبیلے کے افراد 8 سال بعد اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی واپس جانے کے لیے نکلے۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کی قیادت میں قافلہ جیسے ہی ڈیرہ بگٹی کے قریب ڈولی چیک پوسٹ پہنچا تو قافلے میں شامل افراد کو شناخت کے لیے روک لیا گیا۔ رات گئے تک شناخت اور تلاشی کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر قاسم ندیم نے قافلے کو واپس کشمور جانے کی ہدایت کر دی۔ ان کا موٴقف تھا کہ رات میں سیکیورٹی مسائل کے سبب قافلے کو واپس بھیجا جا رہا ہے اور قافلہ واپس نہیں گیا تو گرفتاریاں کی جائیں گی۔

جس پر شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر اتنے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوتی ہیں تو یہ بتایا جائے کہ اتنی بڑی جیل بھی ہے یا نہیں۔ حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ علاقے میں قبائلی رنجشیں موجود ہیں، جن کے خاتمے کے لیے سازگار ماحول کا انتظار کیا جائے۔ تاہم شاہ زین بگٹی کہتے ہیں کہ قافلہ صبح دوبارہ جائے گا۔