شہبازشریف کی گرفتاری پہلی ہے ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں: فواد چوہدری

Fawad Chaudhary

Fawad Chaudhary

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مزید بڑی گرفتاریوں کا عندیہ دے دیا۔

شہباز شریف کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے، ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل مزید آگے بڑھے گا، کرپشن کے خلاف حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ وہ مقدمات ہیں جو پچھلے دور میں نیب نے قائم کیے تھے جو بعد میں چلتے رہے، نیب نے تمام کارروائی کے بعد اب تحقیقات کا آغاز کیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں نیب نے دیکھ لیا ہے کہ مقدمات میں وزن ہے، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں 56 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں اسی میں شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس تمام معاملے میں غیر جانبدار ہے، نیب کو جو تعاون درکار ہوگا وہ دیں گے، نیب کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے یہ حکومت کے کنٹرول میں نہیں، نیب کی انتظامی مدد کرسکتے ہیں کریں گے، شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئندہ اور نیب کا ایک بڑا قدم ہے، یہ احتساب کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے، ہم چاہتے ہیں اس معاملے کو آگے بڑھنا چاہیے، باقی مقدمات میں ملوث بڑے لوگوں کو بھی گرفتار ہونا چاہیے، عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان کو جن لوگوں نے لوٹا ان کا احتساب ہوناچاہیے۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ خادم اعلیٰ کی خدمت کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں، سابق حکومت کے دیگر کرپٹ عناصر بھی جلدجیل میں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو خوشخبریاں ملنے کا موسم شروع ہو گیا ہے۔