لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت جو سلوک مخالفین ساتھ روا رکھے گی کل انہیں بھی اس کے لئے تیار رہنا چاہیے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل میں کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، پاکستان کے عوام، غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے اور آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہئیے، یہی نظام قدرت ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب و قومی اسمبلی میں موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نیب میں صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا لیکن جب وہ بیان کرانے پہنچے تو انہیں آشیانہ اسکیم کیس میں گرفتار کیا گیا۔
نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی باضابطہ گرفتاری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی رابطہ کیا گیا، رولز کے تحت قومی اسمبلی کے ممبر کی گرفتاری کی صورت میں اسپیکر کو اطلاع دی جاتی ہے جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھی رابطے کی تصدیق کی گئی ہے۔
نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو ہفتے کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔