شیخوپورہ (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بچوں کو مزدوری سے ہٹا کر تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا ہو رہا ہے۔ مزدور کا بچہ اب ورکشاپ ، ہوٹل یا پیٹرول پمپس پر نہیں تعلیمی اور فنی اداروں میں جائے گا۔ پنجاب کے وہ اضلاع جہاں بچوں سے جبری مشقت کروائی جاتی ہے وہاں اس مہم کے تحت بچوں کو ورکشاپس اور ہوٹلوں سے نکال کر تعلیمی اداروں میں داخل کروایا جا رہا ہے۔ مزدوروں کے بچوں کی سکولوں اور فنی اداروں میں داخل کروانے کی مہم کی میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔ اس مہم کی شروعات سیالکوٹ سے کی، آج شیخوپورہ اور آنے والے دِنوں میں 10 مختلف اضلاع جائیں گے اور جلد ہی پورے پنجاب میں بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرہیں گے۔
وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پرشیخوپورہ میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لئے محکمہ لیبر نے ورکشاپس ،ہوٹل /ریسٹورنٹس اور سروس اسٹیشن /پیٹرول پمپس پر کام کرنے والے 5 1سال سے 18 سال کی عمر تک کے بچوں کو ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور 5سال سے14 سال کی عمر تک کے بچوں کو سکولوں میںانرولمنٹ کی تعارفی و افتتاحی تقریب کا انعقاد آج ضلع کونسل ہال میں کیا جبکہ بچوں کی سکول انرولمنٹ کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرورکے علاوہ ایم پی اے سجاد حیدر گجر، عارف خان سندھیلہ ، پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد، سیکرٹری و ڈی جی لیبر سلیم حسین، ایم ڈی PVTC ساجد نصیر خان ، اے ڈی سی جی رائو ریاض اعجاز ،ڈی او لیبر چوہدری محمد نعیم ، لیبر اینڈٹریڈ یونین ،سول سوسائٹی نمائندوں سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران ،والدین اور جبری مشقت کا شکار ہونے والے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لئے دن رات کوشاں ہے سکولو ں میںمزدوروں کے بچوں کی انرولمنٹ کے حوالے سے آج منعقد کی گئی یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
پنجاب سے چائلڈلیبر اورجبری مشقت کا خاتمہ اور ان بچوںکو تعلیم مہیا کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ویژن ہے ۔اس مقصد کے حصول اس منصوبے کے تحت لیبر ڈیپارٹمنٹ اینٹوںکے بھٹوں اور دیگر جگہوں پر جہاں بچوں سے مشقت لی جا رہی ہے وہاں بچوںکی تعلیم کے لئے سکول بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں ان کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے سکولوں میں داخل کروائیں ان کو تعلیم دلوا کر اپنے والدین کا بھر پور فرض ادا کریں۔