شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کیا، الیکشن کمیشن بھی اسے ناقابل عمل قرار دے چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشاء اور اعتماد سے ہوتا ہے، انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 2018 پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی اصلاحات کی تھیں، ہمارے دور میں ہونے والی انتخابی اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا، سب کے اتفاق رائے کا مظہر اور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس وقت اپوزیشن مثبت انتخابی تجاویز اور میثاق معیشت کی بات کر رہی تھی تو این آر او کا شور کرکے ان کی توہین کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ معیشت، مہنگائی،بے روزگاری سے مرتی عوام کی فکر کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے حوالے سے اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کرنے کی پیشکش کی تھی۔