لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحفظ حقوق نسواں بل پر اتفاق رائے کے لئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
لاہور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں جید علمائے کرام کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران حقوق تحفظ نسواں بل سے علمائے کرام کے تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت اور جید علمائے کرام پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی جو تحفظ حقوق نسواں بل پر اتفاق رائے پیدا کرے گی۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ قرآن و سنت کے برعکس قانون سازی کا تصور بھی نہیں کرسکتے،خواتین پر تشدد ایک معاشرتی حقیقت ہے جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، ہر مذہب اور اخلاقی نظام میں خواتین پر تشدد قابل تعزیر ہے۔