لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
عدالت پیشی کے موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے غیر مناسب رویہ رکھا اور بیہودہ گفتگو کی، جب پوچھا ایسا کیوں کر رہے ہیں تو ایف آئی اے افسران اونچی آواز میں ہنس کر مذاق اڑاتے رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے شوگر ملز میں اپنی فیملی کے اربوں روپے کا نقصان کیا، فیملی کے افراد کی مخالفت کی اور عوام کو سستی چینی دی، میں منصوبوں میں کمیشن کھانے کے الزامات کا جواب دے چکا ہوں۔
خیال رہے کہ مبینہ مالیاتی اسیکنڈل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔