لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کاغذات نامزدگی میں کروڑ پتی نکلے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب 172 کنال اراضی کے مالک ہیں۔
شہباز شریف کا مجموعی طور پر 1 کروڑ 14 لاکھ 2 ہزار 6 سو 94 روپے کا بینک بیلنس ہے، حمزہ سپنگ ملز، حدیبیہ پیپر ملز سمیت 5 ملوں میں شیئر ہولڈ ہیں، ایک لینڈ کروز گاڑی بھی میاں محمد شہبازشریف کی ملکیت ہے۔ شہبازشریف کی ایک اہلیہ کا نام تہمینہ جبکہ دوسری کا نام نصرت ہے، انہوں نے 38 لاکھ 94 ہزار 518 روپے بینک سے قرض لے رکھا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز شوہر سے زیادہ امیر نکلیں، نصرت شہباز کا ماڈل ٹاؤن میں 10 کنال کا گھر ہے جس کی مالیت 12 کروڑ 87 لاکھ ہے، اسی طرح مری میں بھی سوا 9 کنال کا گھر ہے جس کی مالیت 5 کروڑ 78 لاکھ بتائی گئی ہے۔ نصرت شہباز رمضان شوگر ملز، حمزہ سپننگ ملز سمیت کئی ملزکی شیئر ہولڈرز ہیں۔ انہوں نے 17 لاکھ روپے مالیت کی جیولری بھی ظاہر کی ہے۔
دوسری جانب لیگی رہنما حمزہ شہباز 155 کنال اراضی کے مالک ہیں، ان کے کے نام پر کوئی ذاتی گاڑی نہیں، ن لیگ کے رہنما 21 ملز میں شیئر ہولڈر ہیں۔ حمزہ شہباز کے کیش پرائز بانڈز کی مالیت 16 لاکھ 88 ہزار روپے ہے، انکا 43 لاکھ 70 ہزار روپے بینک بیلنس ہے، حمزہ شہباز کی ایک اہلیہ رابعہ شہباز جبکہ دوسری کا نام مہرالنسا ہے۔