شہباز شریف نے بے گھر متاثرین کیلئے امدادی فنڈ قائم کر دیا

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اور آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا کے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لئے ’’چیف منسٹر ریلیف فنڈ‘‘قائم کر دیا ہے جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے 50کروڑ روپے جمع کروا دئیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ ، صوبائی وزراء اورمسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی نے اس فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروادی ہے ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے قوم کے نام اپیل میں کہا ہماری دعائیں، ہمارے جان و مال، ہمارا سب کچھ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کے غازیوں، شہیدوں اور بے گھر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔

عوام،صاحب ثروت اورمخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں تاکہ بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی بھر پور مدد کی جاسکے۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی تک بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔

اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی اشیاء فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے اسے سکیورٹی کے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے ،ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ پاک افواج کے جوان اورافسر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکارہیں وہ وطن عزیز کے دفاع ،استحکام اوربقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں وقت کا تقاضا ہے۔

کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائے ،قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی ،اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ،ان حالات میں احتجاجی سیاست بلاجواز اورملک وقو م کی ترقی کے لئے شروع کیے گئے سفر میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا ملک کو درپیش سکیورٹی خطرات کے پیش نظر دھرنے ،جلوس ،جلسے ،ریلیاں اور احتجاجی سیاست کسی طورپر مناسب اورملک کے مفاد میں نہیں ،احتجاجی سیاست کرنے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے قومی مفاد کے پیش نظر اس سفر کو آگے بڑھنے دیں۔

انہوں نے کہا حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف گزشتہ روز اپنے پولیٹیکل سیکرٹری افضال بھٹی کی رہائش گاہ گئے اوران کے ماموں کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔