شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں گندم کی سرکاری خریداری کا کام تیزی سے جاری

جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں گندم کی سرکاری خریداری کا کام تیزی سے جاری ہے اس ضمن میں ضلع جھنگ میںڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر کی زیر نگرانی4مئی تک 14 لاکھ 5 ہزار 483 بوری باردانہ جو کہ ٹارگٹ کا76فیصد ہے زمینداروں /کسانوںمیں تقسیم کرکے پانچ لاکھ چھ ہزار 622میٹرک ٹن گندم خرید کی جا چکی ہے ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چوہدری عبدالغفور نے جھنگ سیٹ I،II،IIIاور کوڑیانہ خریداری مرکزپر گندم کی سرکاری خریداری کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی ۔انہوںنے بتایا کہ کھیتوں سے خریداری مراکز تک گندم لانے کیلئے حکومت کی طرف سے زمینداروں /کاشتکاروں کو 8بوری فی ایکڑ کے حساب سے ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ دوسوبوری تک باردانہ فراہم کیا جا رہا تھا جسے حکومت پنجاب کی ہدایت پربڑھا فی ایکڑ بارہ بوری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے موقع پر موجود زمینداروں اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ پہلے آئیے پہلے پایئے کی بنا پر باردانہ حاصل کرکے اپنی فصل گندم خریداری مراکزپرتین روزکے اندرپہلی فرصت میں پہنچائیں تاکہ انہیں ضرورت کے مطابق دوبارہ باردانہ فراہم کیا جاسکے۔انہوںنے اس دوران خریداری مراکز پر آنے والے کسانوں /زمینداروں کیلئے کئے گئے ضروری انتظامات کا باریکی سے جائزہ لیا اور عملہ کو ہدایات جاری کیں کہ پہلے آنیوالی گندم سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کوترتیب سے پہلے ہی فارغ کریں ۔انہوںنے وزن کے پیمانوں کو بھی چیک کیا اور تسلی بخش پایا۔