لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے دوران ڈرون کیمرا لگنے سے زخمی آصفہ بھٹو زرداری کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف اور مریم نواز نے آصفہ بھٹوزرداری کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور مریم نواز نے آصفہ بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے تم اور مارچ کے تمام شرکا محفوظ ہوں گے۔
اس کے علاوہ آصفہ بھٹو نے بھی اپنے لیے دعائیں اور محبت کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور بروقت اسپتال پہنچانے پر پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کے ڈرون آپریٹر سے ملاقات کے بعد اسے معاف کر دیا جبکہ سکیورٹی پر تعینات پولیس نے ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین اور عملے کو بھی چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ خانیوال میں عوامی مارچ کے کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو زرداری ڈرون کیمرا لگنے سے زخمی ہوگئی تھیں جس کے بعد انہیں 5 ٹانکے آئے تھے۔