لاہور (جیوڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر عدالتی فیصلے کو عوام کی فتح اور سیاسی مخالفین کی شکست قرار دیدیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اورنج ٹرین منصوبہ روکنے کیلئے پورا زور لگایا لیکن عدالت نے ہمارے منصوبے کی تائید کی جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو عام آدمی کا بالکل خیال نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ اورنج لائن منصوبہ بند کرا دیا جائے۔ اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی آئی اور عوام کی مجرم ہے۔ عمران خان عوام سے جھوٹ بولتے ہیں۔ جو بھی اچھا کام کرے اس کی تعریف کرنی چاہیے۔ 22 ماہ کی تاخیر پر عوام عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوتے رہتے ہیں بات سیاست کی نہیں ہے۔ منصوبے میں تاخیر کرا کے سیاسی مخالفین نے بدلہ غریب عوام سے لیا ہے۔ اب پنجاب حکومت آئندہ 7 ماہ میں اورنج لائن منصوبے کا باقی کام انشا اللہ نمٹا لے گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔ جھوٹوں کی طرح جھوٹا وعدہ کرنے کا قائل نہیں ہوں۔ پی ٹی آئی کے لمبی گاڑیوں میں سفر کرنیوالوں کو پاکستان کے مقاصد کا علم نہیں ہے۔ پی ٹی آئی ہوتی تو عوام کو مار دیتی، ہم ٹرین کا ٹکٹ سستا رکھیں گے۔ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 4 سال گزر گئے مگر کچھ نہ کیا، اب آپ کو خیال آیا۔ ان کا کہنا تھا کمہ گندگی کی سیاست نے ماضی میں پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ یہ لوگ تو لوٹ مار کر کے جہاز خریدتے ہیں۔