اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بیرون ملک کورونا سے پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کورونا وبا سے وفات پر بے حد دکھ ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی عزم و ہمت اور وفا کی قابل فخر مثال ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رہنے والے اہل وطن پاکستان کے بارے میں ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں، باہر آباد پاکستانیوں کی اموات ملک کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بیرون ملک کورونا سے پاکستانیوں کی اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو فخر اور عظیم اثاثہ قرار دیا تھا۔