فیصل آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پارلیمنٹ میں تقریر کو جاب ایپلی کیشن قرار دے دیا۔
فیصل آباد میں صحت کارڈکے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں پیسے والے اپنا علاج کراسکتے ہیں لیکن غریب کے لیے علاج کرانا مشکل ہے، چوروں کے ٹولے کی کھانسی کا علاج بھی باہر ہوتا تھا لیکن کبھی ریاست نے غریب کے علاج کی ذمہ داری نہیں لی، جن لوگوں نے عوام کے علاج کی ذمہ داری اٹھانا تھی وہ لندن جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپوزیشن رہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج سارے چور اکٹھے ہوئے ہیں، 20 سال پہلے ایک دوسرے کو چور کہتے تھے، زرداری کا پیٹ پھاڑ کر تحریک انصاف نے پیسہ نہیں نکالنا تھا، جنہوں نے پیٹ پھاڑ کر ایک دوسرے سے پیسہ نکالنا تھا وہ آج ایک دوسرے سے مل رہے ہیں، یہ لوگ 30 سال ملک پر حکومت کرتے رہے، آپ کو پتا ہے لوگوں کے حالات کیا ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری چوری کی چیک بک سے لوگوں کو خریدنے آگیا ہے، سب کو عمران خان کا ڈر لگا ہوا ہے، جلدی پڑی ہے ان لوگوں کو کہ اسے جلدی فارغ کرو ورنہ ہم جیل جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے خلاف 25 سال پہلے جہاد شروع کیا تھا، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں ، جس ملک کا پیسہ چوری ہو کر باہر چلا جائے اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا۔
انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاپڑ والے کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے آرہے ہیں، پنجاب کے وزیراعلیٰ کے بیٹے کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے آجاتا ہے، وہ ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ پارلیمنٹ میں تقریر کرتا ہے، برطانیہ میں شکل نہیں دکھا سکتا تھا، شہباز شریف کی تقریر جاب ایپلی کیشن ہوتی ہے کہ مجھے پھر سے موقع مل جائے۔
انہوں نے نواز شریف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہتا ہے دل کی بیماری ہے مگر دل کی بیماری کے ساتھ سیڑھیاں چڑھ رہا ہے، اپنی فیکٹریاں دیکھنے جارہا ہے، چوری میں برائی نہیں تو کوئی کیوں محنت کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتاہوں بتاؤں کہ پچھلے 5 سال ڈرامے باز نے کیا کیا اور ہم نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا، ہر روز بڑے بڑے پروجیکٹ آپ کے سامنے آئیں گے، ملک میں نئی نئی انڈسٹری آئیں گی۔