لاہور (جیوڈیسک) شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر بن گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے شبہاز شریف کو قائم مقام پارٹی صدر بنانے کا اعلان خود کیا۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شہباز کے نام کی منظوری دی گئی جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نوازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت نون لیگ کی سینئر قیادت موجود تھی۔ ذرائع کے مطابق، شہباز شریف کو مستقل صدر بنانے کی منظوری جنرل کونسل اجلاس میں دی جائے گی۔
ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس 45 دن میں بلایا جائے گا ، شہباز شریف کو 6 مارچ کو مستقل پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور زاہد حامد نے تائید کی۔
شاہد خاقان عباسی فیصلے کی تائید میں کھڑے ہو کر تالی بجاتے رہے۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا نواز شریف (ن) لیگ کے تاحیات قائد رہیں گے۔
واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے بھی نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی جانب سے ماضی میں کیے گئے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا۔ طاقت کا سرچشمہ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، عوام اپنی طاقت کا استعمال عوامی نمائندوں کے ذریعے کرتے ہیں۔ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والا پارٹی صدارت بھی نہیں کر سکتا۔