لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج بغیر کسی پروٹوکول اور پیشگی اطلاع ٹاؤن شپ کے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا ،انتظامیہ کے ساتھ میڈیا بھی وزیراعلیٰ کے دورے سے مکمل لاعلم رہے۔
وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں سبزیوں، پھلوں، اشیائے ضروریہ، چینی، آٹے اور دیگر اشیاء کے مختلف سٹالز کادورہ کیا اور خود قیمتوں ،کوالٹی اورسپلائی کا جائزہ لیا،خریداری کیلئے آئے لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلیٰ کو یکھ کر خوشی کا اظہار کیا ،وزیراعلیٰ نے لوگوں سے ہاتھ ملایا اورلوگوں سے اشیاء کی کوالٹی اورنرخوں کے بارے دریافت کیا۔
لوگوں نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ہر بات مناسب ہوتی ہے اوراس بازار میں بھی ہر چیز مناسب اورمعیاری ہے ،جس پر ہم آپ کے شکرگزارہیں۔٭وزیراعلیٰ نے جس سٹال پر بھی مرد حضرات اورخواتین سے رمضان بازار کے حوالے سے دریافت کیا تو تمام لوگوں نے کہا کہ ناصرف چیزیں سستی بلکہ معیاری بھی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران کوالٹی خصوصاً نمی کی موجودگی کی اچانک چیکنگ کرانے کیلئے سستے آٹے کے بعض تھیلے گاڑی میں رکھوائے۔٭ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ مجموعی طورپر انتہائی اچھے انتظامات کیے گئے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے۔
چند ایک مسائل سامنے آئے ہیں جس کا ازالہ کریں گے لیکن”So Far So Good”، جس پر انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔