ترکی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف آج ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں براعظم ایشیا اور براعظم یورپ کو ملانے والے تیسرے معلق پل “سلطان یاوز سلیم ” کی افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف استنبول پہنچے تو ائیرپورٹ پر ترک رکن پارلیمنٹ اور ڈپٹی گورنراستنبول نے انکااستقبال کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ترک رکن پارلیمنٹ برہان قایا ترک اور ڈپٹی گورنر استنبول سے ملاقات بھی کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پرپاکستان کے سفیر سہیل محموداورسفارتخانے کے دیگرحکام بھی موجود تھے ۔شہباز شریف ترک صدر ایردوان اوروزیراعظم بن علی یلدرم اور استنبول کے میئر قادر توپباش سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔
ترک حکام سے ملاقاتوں میں وزیراعلیٰ شہباز شریف وزیراعظم نوازشریف کا خیر سگالی کا پیغام پہنچائیں گے ۔ ملاقاتوں میں پنجاب میں ترکی کی اشتراک سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔
روانگی سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ترک صدر کی خصوصی دعوت پر ترکی کے دورے پر جا رہے ہیں۔ دورے کے دوران پنجاب حکومت اور ترکی میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے ،پنجاب حکومت اور ترکی کے مابین بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ وزیر اعلیٰ استنبول میں تعمیر ہونے والے ” سلطان یاوز سلیم” پل کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے ۔ بعد ازاں استنبول کے میئر قادر توبپاش کی جانب سے شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔