لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کے مشہور شہباز تتلہ قتل کیس کے ملزم ایس ایس پی مفخرعدیل کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے گریڈ 18 کے پولیس سروس پاکستان کے افسر مفخر عدیل کو ملازمت سے برطرف کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مفخرعدیل کے پاس اس فیصلے کے خلاف 3 روزکے اندر ایپلٹ اتھارٹی میں اپیل کا حق حاصل ہے۔
مفخر عدیل اپنے دوست شہباز تتلہ کے قتل کیس میں کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ ایس ایس پی مفخر عدیل اور سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ کے لاپتا ہونے کا معاملہ گزشتہ سال مارچ میں پیش آیا تھا، بغیر درخواست کے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری کے بعد پنجاب کانسٹیبلری نے مفخر عدیل کو ڈیوٹی پر نہ آنے کی وجہ سے او ایس ڈی بنانے کے لیے مراسلہ بھیجا تھا۔
کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری نے اپنے مراسلے میں کہا تھاکہ ایس ایس پی مفخر عدیل ڈیوٹی پر نہیں آئے، انہوں نے کال کی ہے اور نہ چھٹی کی درخواست بھیجی ہے۔
ایس ایس پی مفخر عدیل پر اپنے دوست سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ کو قتل کرنے کا الزام ہے، شہباز تتلہ کے اغوا کا مقدمہ تھانا نصیر آباد لاہور میں درج کیا گیا تھا۔