لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) شہباز تتلہ قتل کیس میں نامزد ایس ایس پی مفخر عدیل کو 5 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
لاہور پولیس نے ایس ایس پی مفخرعدیل کو ماڈل ٹاون کچہری میں پیش کیا جہاں تفتیشی افسر نے عدالت سے مفخر عدیل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 5 روز کا جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
واضح رہے کہ مفخر عدیل کو کل گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے لاہور منتقل کیا۔
واضح رہے کہ ایس ایس پی مفخر عدیل اور سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ کے لاپتا ہونے کا معاملہ گزشتہ ماہ سامنے آیا تھا، بغیر درخواست کے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری کے بعد پنجاب کانسٹیبلری نے مفخر عدیل کو ڈیوٹی پر نہ آنے کی وجہ سے او ایس ڈی بنانے کے لیے مراسلہ بھیجا تھا۔
کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری نے اپنے مراسلے میں کہا تھاکہ ایس ایس پی مفخر عدیل منگل سے ڈیوٹی پر نہیں آئے، انہوں نے کال کی ہے اور نہ چھٹی کی درخواست بھیجی ہے۔
ایس ایس پی مفخر عدیل پر اپنے دوست سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ کو قتل کرنے کا الزام ہے، شہباز تتلہ کے اغوا کا مقدمہ 7فروری کو تھانا نصیر آباد لاہور میں درج کیا گیا تھا۔
کئی روز لاپتا رہنے کے بعد ایس ایس پی مفخر عدیل نے 10 مارچ کو اچانک گرفتاری دے دی اور انہیں گلگلت بلتستان سے گرفتار کیا گیا۔