لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی 89 ویں سالگرہ آج منائی جائے گی۔ ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے والد سر شاہنواز بھٹو جونا گڑھ کی مسلم ریاست میں دیوان تھے۔
بھٹو نے 1950 میں برکلے یونیورسٹی سے سیاسیات میں گریجوایشن کی اور 1952 میں آکسفورڈ سے قانون کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1953 میں وکالت کا آغاز کیا۔
بھٹو ایوب خان کی حکومت میں وزیر تجارت رہے۔ 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور 1971 سے 1973 تک ملک کے صدر کے عہدے پر کام کرتے رہے۔
14 اگست 1973 کو نئے آئین کے تحت ملک کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ 1977 کے انتخابات میں دھاندلی کے باعث ملک میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہو گئی جس کے بعد اس وقت کے آرمی چیف جنرل ضیا ء الحق نے ملک میں مارشل لا نافذ کر دیا۔
ستمبر 1977 میں انہیں نواب محمد احمد خان کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 4 اپریل 1979 کو انہیں پھانسی دے دی گئی۔
سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی کے تمام ضلعی دفاتر، ہیڈ کوارٹرز میں سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جس میں پارٹی کارکنان عہدیداران اور اراکین پارلیمنٹ شرکت کریں گے انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔