شاہین ٹو کی کامیابی پر عسکری قیادت و ماہرین کو مشرف کی مبارکباد

Shaheen 2

Shaheen 2

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہین ٹو بے لسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر عسکری قیادت ‘ سائنسدانوں اور ماہرین کو مبارکباد و خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ تحفظ وطن کیلئے نہ صرف بیش بہا قربانیاں دی ہیں بلکہ دفاع وطن کو بھی ناقابل تسخیر بنانے کیلئے مثبت جہت میں پیشرفت کو جاری رکھا ہوا ہے۔

جس کی وجہ سے آج نہ صرف پاکستان کی افواج کو دنیا کی بہترین افواج ہونے کا اعزاز حاصل ہے بلکہ پاکستان کا دفاع بھی دور جدید کے عصری تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور اب افواج پاکستان نے 15سو کلومیٹر ایٹمی و روایتی وار ہیڈ لیجانے اور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل شاہین ٹو بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرکے خطے میں دفاعی برتری حاصل کرلی ہے جوپاکستان کے دفاع کیلئے خوش آئند ہے۔

اے پی ایم ایل کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین کے اعلامیہ کے مطابق پرویز مشرف نے مزید کہا کہ پاکستان آج جن خطرات سے دوچار ہے ان سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہے افواج پاکستان پر مکمل اعتماد کے اظہار کے ذریعے نہ صرف ان کا مورال بڑھایا جائے بلکہ اسے دور جدید کے تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اسے تمام مراعات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے اور اسے مکمل خود مختاری و آزادی سے کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے تو افواج پاکستان اتنی صلاحیت کی حامل ہیں کہ کوئی بھی کبھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرا¿ت نہ کر سکے۔