لاہور (جیوڈیسک) حادثے کے شکار شاہین ایئرلائن کے گرفتار پائلٹ نے میڈیکل رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں قصور وار ٹہھرانے اور ایئرلائن کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شاہین ایئرلائن کے پائلٹ عصمت محمود تھانہ سرور روڈ میں موجود ہیں جب کہ ایس پی کینٹ کے سامنے تفتیش کے دوران انہوں نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا ہے کہ دوران پرواز جہاز کا لینڈنگ گیئرخراب ہوگیا تھا اور لینڈنگ کے دوران جہاز کا ٹائر بھی پھٹ گیا تھا تاہم مسافروں کی جان بچانے کے باوجود انہیں ہی قصور وار ٹھہرایا جارہا ہے۔
پائلٹ عصمت محمود نے میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر نشے کی حالت میں ہوتا تو پرواز کے دوران بھی مشکلات پیش آتیں، نشے کی حالت میں نہیں تھا اور اس حوالے سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو کراچی سے لاہور جانے والے مسافر طیارے میں 112 مسافر سوار تھے جو اچانک لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر کر کچے میں چلا گیا تھا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن حکام نے طیارے کو ناقابل پرواز قرار دے دیا تھا۔