پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا افتتاحی ٹیسٹ آج شروع ہو گا۔ ہرارے میں دونوں ٹیمیں دوپہر ایک بجے اِن ایکشن ہوں گی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ دونوں اسکواڈز نے فتح اپنے نام کرنے کا دعوی کیا ہے۔ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد اب ٹیسٹ سیریز بھی جیتیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ابھی تک کھیلی ٹیسٹ سیریز کی تعداد سات ہے جن میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔
چھ میں پاکستان نے فتح سمیٹی جبکہ انیس سو اٹھانوے ننانوے میں پاکستان میں کھیلی جانے والی واحد سیریز زمبابوے نے اپنے نام کی تھی۔ ٹیسٹ کی اننگز میں بڑا ٹوٹل بنانے کا ریکارڈ بھی پاکستان کے پاس ہے۔ قومی شاہینوں نے اکتوبر انیس سو چھیانوے میں پانچ سو ترپن رنز کی تاریخی اننگز داغی۔
انفرادی بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہے جو اسی میچ میں وسیم اکرم نے بنائی۔ سابق کپتان کے اس میں ناٹ آٹ دو سو ستاون یادگار رنز تھے۔ بولنگ میں اگر دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو اس میں بھی پاکستانی جھنڈا بلند ہے۔ لیجنڈ وقار یونس باسٹھ وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔