لندن (جیوڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی انگلینڈ میں سابق برطانوی فوجیوں کی امداد کے لیے ہونے والے چیریٹی میچ ’’کرکٹ فار ہیروز‘‘ میں شرکت کریں گے جس میں ان کے ساتھ کرکٹ کی دنیا کے متعدد موجودہ اور سابق نامور کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔
برطانوی چیریٹی تنظیم ’’ہیلپ فار ہیروز‘‘ کے لیے ہونے والا یہ میچ اوول کے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس میں شاہد آفریدی کے ساتھ ساتھ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور وریندر سہواگ بھی شرکت کریں گے۔
ہیلپ فار ہیروز کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقا کے ہرشل گبز، آسٹریلیا کے ڈیمیئن مارٹن، انگلش ٹیم کے گریم سوان اور ڈیرن گف اور دیگر شامل ہیں جب کہ ٹیم کی قیادت سابق انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس کریں گے۔